نیشنل پریس کلب، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سول سوسائٹی الائنس کے زیر اہتمام اسرائیلی مظالم اور نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کیخلاف احتجاجی ریلی
اسلام آباد(فیصل اظفر علوی سے)نیشنل پریس کلب، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سول سوسائٹی الائنس کے زیر اہتمام اسرائیلی افواج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی اور 31 صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف نیشنل پریس کلب تا ڈی چوک اسلام آباد احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں صحافیوں ، وکلا، تاجروں ، طلبا و سول سوسائٹی سیاسی جماعتوں کے کارکنان و مزدور یونینز کے راہنماؤں اور کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،احتجاجی ریلی میں فلسطین کے حق میں قرارداد بھی منظور کی گئی، احتجاجی ریلی میں مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں پر مسلط جنگ کو بند کیا جائے اور فلسطین کے نہتے شہریوں کیلئے امداد کیلئے رفع بارڈر کھولا جائے اورامدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان فلسطین رشتہ سالوں نہیں صدیوں پرانا ہے، قیام پاکستان سے پہلے اور بعد میں قائداعظم سمیت ہر حکمران نےاسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں اخلاقی، سفارتی اور سیاسی کاوشیں کی ہیں، اسرائیلی مظالم تاریخ کی بدترین شکل میں سامنے آ رہے ہیں، ہمیں بطور قوم مظلوم فلسطینیوں کے حق میں بھرپور آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے،ان خیالات کا اظہار سینیٹر مشاہد حسین سید، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری،پاکستان سویٹ ہومز کے سربراہ زمرد خان، سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، چیئرمین خبیب فاؤنڈیشن ندیم خان، نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا، فنانس سیکرٹری نیئر علی، آر آئی یوجے کے صدر عابد عباسی، جنرل سیکرٹری طارق علی ورک، سابق صدر اسلام آباد چیمبر ظفر بختاوری، سینیٹر جاوید عباسی، انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ و دیگر نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اسی برس قبل قائداعظم نے بھی کیا تھا ، فلسطینیوں سے رشتہ سالوں نہیں صدیوں پرانا ہے، پاکستان کے حکمرانوں نے ہمیشہ اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی کاوشیں کی ہیں،غزہ پر اس وقت اسرائیلی مظالم تاریخ کی بدترین صورت میں سامنے آ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان ، ترکی ، ایران اور ملائیشیا کی نیوی کو مشترکہ طور پر غزہ کا سمندری محاصرہ ختم کرانا چاہئے ترکش صدر طیب اردگان کی قیادت میں مسلم ممالک کے سربراہوں کے وفد کو مختلف ممالک کا دورہ کرکے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں پر ظلم کی انتہا کی جا رہی ہے، بچوں اور خواتین سمیت ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ،انہوں نے امت مسلمہ کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ خواتین اور بچوں کو بچانے کیلئے فوری طور پر جنگ بندی کیلئے کوششیں کی جائیں،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ہم فلسطین جا تو نہیں سکتے مگر اخلاقی طور پر فلسطینیوں کی مدد ضرورت کر سکتے ہیں ہیں، قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے،بطور مسلمان اپنے مسلمان بھائیوں کیلئے آواز بلند کرنا ہوگی ورنہ ہم کل اپنے اللہ کو کیا جواب دینگے۔
صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کیخلاف مسلسل احتجاج کرنے والے امریکی ، برطانوی ، بھارتی اور یورپ کے دیگر ممالک کے یہودی، عیسائی، ہندو، سکھ اور سول سوسائٹی کے ارکان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور اپنی حکومتوں کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکال رہے ہیں، اب مسلمان ممالک کو بھی متحد ہونا پڑے گا اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف آواز بلند کرنا ہوگی اور جو بارڈر بند ہیں انہیں کھلوانا ہوگا۔
پاکستان سویٹ ہومز کے سربراہ زمرد خان نے کہا کہ فلسطین میں شہید ہونے والے بچوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان سویٹ ہومز کے بچے خصوصی طور پر اس ریلی میں شریک ہوئے ہیں، اور ہم اسرائیل کی فلسطیینیوں کی نسل کشی کے خلاف بھرپور آواز بلند کرتے ہیں اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،خبیب فاؤنڈیشن کے چیئرمین ندیم خان نے کہا کہ فلسطین میں ہزاروں بچے اور عورتیں شہید ہو چکے ہیں اور زخمیوں کیلئے امداد پہنچنے نہیں دی جا رہی،ہسپتالوں، سکولوں سمیت ہر جگہ اسرائیلی فورسز بمباری کر رہی ہیں ، ہزاروں عماتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں، اس وقت فلسطینیوں کو امداد کی اشد ضرورت ہے ۔خبیب فاؤنڈیشن نے این ڈی ایم اے کے ذریعے دو کنٹینر امدادی سامان اور ادویات فلسطینیوں کیلئے بھیج دی ہیں اور مشکل حالات کے باوجود مختلف این جی اووز کے ذریعے خبیب فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیاں غزہ میں بھی جاری ہیں۔
انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ مسلمانوں کی مقدس جگہ ہے اسلئے پوری دنیا کے مسلمان اکٹھے ہو کر فلسطینی بھائیوں کیلئے آواز اٹھائیں، اس موقع پر مصطفی حیدر سید نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ آج اسلام کے صحافیوں، تاجروں، مذدوروں ، سیاسی کارکنوں اور سول سوسائیٹی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ فلسطین کے مسئلہ پر متحد ہیں۔ نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا نے کہا کہ فلسطین میں جو ظلم اور بربریت کی تاریخ رقم کی جا رہی ہے اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، آج کی ریلی کا مقصد فلسطین کے شہریوں سے اظہار یکجہتی کرنا تھا اور اس ریلی میں صرف پاکستان اور فلسطین کے پرچم لہرائے جا رہے ہیں جو اس بات کا واضح ثبوت ہے۔
فنانس سیکرٹری این پی سی نیئر علی نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، پوری پاکستانی قوم اپنے فلسطینیوں بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، فلسطین میںاسرائیلی بمباری سے اقوام متحدہ کو نظر کیوں نہیں آ رہی ہے، آر آئی یو جے کے صدر عابد عباسی اور جنرل سیکرٹری طارق علی ورک نے کہا کہ آج اسرائیل کی طرف سے فلسطین میں ہونے والے ظلم اور جبر کے خلاف ہم سب اکٹھے ہوئے ہیں، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں سے کس حد تک محبت کرتی ہے،فلسطین میں ہسپتالوں اور صحافیوں پر حملوں میں اب تک 31 صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی ہے،جس کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جا سکتا،اس کے علاوہ سابق صدر اسلام آباد چیمبر ظفر بختاوری اور سینیٹر جاوید عباسی نے بھی اپنے خطاب میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا،اس موقع پر شرکاء نے پاکستانی، فلسطینی پرچم اوراحتجاجی کتبے اٹھا رکھے تھے۔