پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے جنرل سیکرٹری کی وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل سے اہم ملاقات
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے جنرل سیکریٹری وڈائریکٹر آپریشن ثناء اللہ گھمن نے کنسلٹنٹ فوڈ پالیسی پروگرام منورحسین کے ہمراہ نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن کے وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل سے اہم ملاقات کی۔جس میں ان کی بطوروفاقی وزیرعوامی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔ جنرل سیکریٹری وڈائریکٹر آپریشن ثناء اللہ گھمن نے کہاکہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کررہی ہے، پناہ ہمیشہ کی طرح اپنے بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرواتی ہے، ہمارے لوگ پناہ کی کارکردگی سے باخوبی واقف ہیں، تمباکوصحت کی علامت نہیں،حکومت کی جانب سے تمباکومصنوعات پرٹیکس میں اضافہ عوام کوبیماریوں سے دورکرے گا اور ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا۔
ان کاکہناتھاکہ بجٹ پیش کردیاگیاہے،ہم چاہتے ہیں کہ بجٹ پرہونے والی بحث کے دوران بیماریوں کی بڑی وجہ بننے والے میٹھے مشروبات کوبھی زیر بحث لایاجائے، جوموٹاپا، دل،کینسر، ذیابیطس، معدہ، جگرجیسے مہلک امراض کی ایک بڑی وجہ ہیں۔ کنسلٹنٹ فوڈ پالیسی پروگرام منورحسین نے کہاکہ پاکستان اس وقت ذیابیطس کے مرض میں تیسرے نمبر پرہے،33ملین پاکستانی ذیابیطس کے مرض میں مبتلاہیں،جس میں بتدریج اضافہ ہورہاہے، ذیابیطس اپنے مریضوں کوجسمانی طورپرلاغرکرتی ہے،نابیناکرتی ہے،انسانی جسم کے اعضاء کوناکارہ بناتی ہے،ذیابیطس کی ایک بڑی وجہ میٹھے مشروبات کاکثرت سے استعمال ہے،جس کی روک تھام ضروری ہے،تاکہ ہماری نوجوان نسل بیمار ہونے سے محفوظ رہ سکے۔