بڑھتی ہوئی آبادی کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامی صلاحیتوں میں بہتری ناگزیر ہے: ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان آئندہ دو دہائیوں میں آبادی کے لحاظ سے تیسرا بڑا ملک بننے جا رہا ہے۔ طب کے شعبے سے وابستہ افراد میں بہتر انتظامی صلاحیتوں میں بہتری لانا ضروری ہے۔ شعبہ طب میں انتظام و انصرام عالمی معیار کے مطابق لا کر بین الاقوامی اہداف حاصل ہو سکتے ہیں۔ حکومت ہر سطح پر تربیت کے انتظامات کو یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے زیراہتمام مقامی ہسپتال میں شعبہ طب سے وابستہ افراد کی انتظامی تربیت کے حوالے سے ورکشاپ کے دوران کیا۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر طب و سماجی بہبود ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان آئندہ دو دہائیوں میں آبادی کے لحاظ سے تیسرا بڑا ملک بن رہا ہے جبکہ اس تناسب سے وسائل میں اضافہ نہیں ہو رہا جو کہ تشویشناک صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں تمام آبادی کو محدود وسائل سے طبی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے شعبہ طب میں بہترین انتظامی وسائل کا استعمال ضروری ہے۔
اس کے لئے شعبہ طب سے وابستہ افراد کی بہترین انتظامی صلاحیتوں کو نکھارنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ صحت میں بہترین خدمات کے لئے جدید اسلوب پر پیشرفت کرنا ہو گی تاکہ اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافہ کے ساتھ قائدانہ صلاحیتوں میں بہتری لائی جائے اور مزید اعلیٰ صلاحیت کے حامل افرا کو آگے آنے اور فیصلہ سازی میں مواقع میسر آ سکیں۔ صوبائی وزیر صحت نے بتایا پاکستان میں طب کے شعبہ سے وابستہ افراد میں صلاحیتوں کی کمی نہیں مگر اعلیٰ سطح پر مناسب فیصلہ سازی سے اچھے نتائج سامنے نہیں آ رہے جس پر مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر جاید اکرم نے کہ کہ ان کی حکومت کا کام محدود ہے اور صرف انتخابات تک ہے، باقی منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ دانشمندانہ فیصلوں کے ذریعے نظام میں بہتری لائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی تربیتی نشستوں کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کے ساتھ بہتر حکمت عملی مرتب کر کے لائحہ عملہ کئے جائیں۔
اس موقع پر سینئر صحافی و پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے ڈائریکٹر معظم بھٹی نے کہا کہ صحت کے شعبہ سے جڑے افراد میں قائدانہ صلاحیت کے ساتھ پیشہ ورانہ مہارت انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے ایڈوائزر شاہدمنہاس نے تربیتی نشست کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ہونے والی ورکشاپ میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف کی کثیر تعداد شرکت کر رہی ہے جس کا مقصد اس شعبہ میں سروس ڈلیوری مزید بہتر بنانا اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہمارے بین الاقوامی معیار کے ماہرین اپنی اعلیٰ صلاحیتوں اور تجربات سے شرکاءکو عالمی رجحانات سے آگاہ کریں گے۔ اس دوران پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ عاشق، ڈاکٹر ظفر خان، ڈاکٹر سبین ناصر، ڈاکٹر ثمن اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button