ایتھوپیا کی پارلیمنٹ نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی معاہدے کی توثیق کر دی
اسلام آباد(پ ر)اسلامی جمہوریہ پاکستان میں فیڈرل ڈیموکریٹک ریپبلک آف ایتھوپیا کے سفارت خانے نے سوموار کے روز اعلان کیا ہے کہ ایتھوپیا کے عوامی نمائندوں کے ایوان نے 14 فروری 2023 کو دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے باہمی تجارتی معاہدے کی متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے۔
تجارتی معاہدے کو ایوان کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت اور سیاحت نے ایتھوپیا کی پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا دوطرفہ تجارتی معاہدے کا مقصد ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے معاہدے کی منظوری کو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اس تاریخی معاہدے سے دو طرفہ تجارت کو بڑا فروغ ملے گا جو اس وقت 80 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تجارت پر مشترکہ ایکشن کمیٹی کے قیام اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ادارہ جاتی روابط کے قیام کی راہ ہموار کرے گا۔انہوں نے ایتھوپیا اور پاکستان کی تاجر برادری کو معاہدے پر دستخط کرنے پر مبارکباد دی۔
ایتھوپیا کے سفیر نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کے لیے خوش آئند خبر ہے جنہوں نے پہلے ہی موجودہ سال میں وفود کے تبادلے کے ذریعے ایک دوسرے کی منافع بخش منڈیوں کی تلاش شروع کر دی تھی۔انہوں نے رواں سال مارچ میں 70 سے زائد تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ایتھوپیا کے دورے اور 50 سے زائد ایتھوپیا کے تاجروں کے دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ نیا سال دو طرفہ تجارت کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔
اس کے علاؤہ ایتھوپین ایئر لائن نے گزشتہ ماہ مئی 2023 میں پاکستان کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید تقویت ملے گی۔