عام انتخابات 2024،پی آئی ڈی کے زیراہتمام جمہوری عمل اور وسیع تر عوامی شرکت کی اہمیت بارے اگلا سیمینار 18 جنوری کو منعقد ہوگا
اسلام آباد:وزارت اطلاعات و نشریات کا ادارہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) عام انتخابات 2024 سے قبل عوام میں ووٹ کی اہمیت، انتخابی نظام اور منتخب نمائندوں کے کردار سمیت انتخابی عمل کے حوالے سے آگاہی مہم کے ذریعے وسیع تر عوامی سوجھ بوجھ کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ عوام اپنی قومی ذمہ داری کی خوش اسلوبی سے انجام دہی کے ذریعے ایک مستحکم جمہوری نظام کے فروغ میں اپنی فعال شرکت کو یقینی بناسکیں۔
اس سلسلے میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سیمینارز کا ایک سلسلہ شروع کیا گیا ہے تاکہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں ووٹرز کی فعال شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ پی آئی ڈی سے پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ان سیمینارز میں مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتوں، الیکشن کمیشن آف پاکستان، میڈیا، دانشوروں، سول سوسائٹی اور عوامی نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ یہ سیمینار شہریوں کو ووٹ ڈالنے کی اہمیت، انتخابی نظام اور منتخب نمائندوں کے کردار سے آگاہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کریں گے۔
پی آئی ڈی کی جانب سے منعقد ہونے والے سیمینارز عوامی آگاہی کو فروغ دے کر عوام کو فیصلہ سازی کے لیے بااختیار بنانے کی کوشش کریں گے جو بالآخر زیادہ مضبوط اور جوابدہ جمہوری نظام میں حصہ لیں گے۔ اس حوالے سے 11 جنوری کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے مقامی ہوٹل میں ”پاکستان کے عام انتخابات 2024، سیاسی جماعتوں کا اقتصادی ایجنڈا“ کے موضوع پر پہلے سیمینار کا اہتمام کیا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی، وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں، اقتصادی ماہرین، سینئر صحافیوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
سیمینار میں 2024 کے عام انتخابات کی تیاری کے لیے پیش کئے گئے سیاسی جماعتوں کی اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ واضح رہے کہ ووٹر مختلف سیاسی اداروں کی طرف سے پیش کیے گئے معاشی تصورات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اس سیمینار کا مقصد پاکستان کے سیاسی میدان میں سیاسی جماعتوں کے ذریعے تصور کیے گئے معاشی منظر نامہ کا ایک جامع جائزہ فراہم کرنا تھا۔
اس سلسلے کا دوسرا سیمینار ”پاکستانی انتخابی حلقوں کا بدلتا ہوا منظر نامہ اور منصفانہ نمائندگی میں سیاسی جماعتوں کا کردار“ کے موضوع پر 18 جنوری کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ ”انتخابی ضابطہ اخلاق: میڈیا سمیت سٹیک ہولڈرز کی اخلاقی پریکٹسز“ کے عنوان سے تیسرا سیمینار 25 جنوری کو منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ چوتھا اور آخری سیمینار یکم فروری کو ”نوجوانوں، خواتین، ٹرانسجینڈرز اور ثقافتی اقلیتوں کی سیاسی شرکت اور اختیار“ کے موضوع پر منعقد ہوگا۔