فیصل بینک نے پہلی سہ ماہی کیلئے مستحکم مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا
کراچی، 25اپریل، 2024: پاکستان کے صف اول کے اسلامی بینکوں میں سے ایک فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) نے سال 2024 کی پہلی سہ ماہی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں بینک کا بعداز ٹیکس منافع سال 2023 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں دوگنا ہوکر 6.5 ارب روپے پر جا پہنچا ہے۔
فی حصص آمدن 2.12 روپے سے بڑھ کر 4.29 روپے ہوگئی ہے۔ بینک نے 1 روپے فی حصص یعنی 10 فیصد عبوری نقد منافع کا بھی اعلان کیا۔ مجموعی اثاثے 1.5 ٹریلین روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ ڈپازٹس بڑھ کر 1.050 ٹریلین روپے اور لون بک 603 ارب روپے سے زائد ہوگئی۔ ایڈوانس ٹو ڈپازٹ ریشو (اے ڈی آر) 55 فیصد جبکہ کیپٹل ایڈیکوسی ریشو 18.57 فیصد رہا جو ریگولیٹری تقاضوں سے کہیں زیادہ ہے۔
بینک کی مستحکم مالیاتی کارکردگی اور مضبوط بیلنس شیٹ اس کے مضبوط کاروباری بنیادی اصولوں کا اظہار ہے جو دانشمندانہ رسک منیجمنٹ طریقوں کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ اسلامی بینکاری کے شعبے کے اہم رکن کی حیثیت سے بینک کی پوزیشن کو مزید مستحکم بناتا ہے۔
فیصل بینک کے چیئرمین میاں محمد یونس نے بینک کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا "ماشاء اللہ سال 2024 کی پہلی سہ ماہی کے نتائج اُن مضبوط بنیادوں کی نشاندہی کرتے ہیں جو ہم نے ایک سرکردہ اسلامی بینک کے طور پر رکھی ہیں، جو بورڈ اور انتظامیہ کے غیرمتزلزل عزم کا عکاس ہے۔ ” انہوں نے فیصل بینک کو اولین ترجیح بنانے پر بینک کے صارفین کا شکریہ ادا کیا۔
فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے کہا "الحمدللہ 2024ء کی پہلی سہ ماہی میں ہماری اچھی کارکردگی بینک کے کسٹمر سینٹرک اپروچ کے ساتھ ساتھ شریعت کے مطابق بہترین مالیاتی اور ڈیجیٹل مصنوعات اور اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی کا ثبوت ہے۔ مستحکم بنیاد وں کی وجہ سے بینک کو نیٹ ورک کی توسیع سمیت اپنے ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھنے کے لئے پر عزم ہے۔”