کرپٹ اور نیب زدہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا، غلام سرور خان
راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان اور ممبر صوبائی اسمبلی واثق قیوم عباسی کی یونین کونسل دھاماں سیداں میں سید اشفاق شاہ بخاری کے گھر دیے جانے والے عشائیہ کی تقریب میں شرکت۔ جس میں پی ٹی آئی کی تمام مقامی قیادت نے شرکت کی جس میں چوہدری افضل، حیدر مہدی راجہ، راجہ بابر سلطان، راجہ تصدق، قیوم عباسی، مرتضی قریشی اور دیگر نے شرکت کی۔ سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان اور ممبر صوبائی اسمبلی واثق قیوم عباسی نے اہلیان یونین کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این اے 59 اور پی پی 12 پاکستان تحریک انصاف کا مضبوط گڑھ تھا ،ہے اور رہے گا۔
آنے والے دنوں میں کہکشاں واٹر سپلائی سکیم کا کام مکمل ہوتے ہی پی پی 12 کا گرینڈ جلسہ منعقد کیا جائے گا، اسکے علاوہ گیس کے میگا پراجیکٹس، سکول وکالج اور ہسپتالوں کے کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جن پر آج سیاسی بونے اپنی تختیاں لگا کر اسکا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں مگر عوام ان سیاسی بونوں کو مسترد کر چکی ہے آج چور حکومت ہم پر مسلط کر دی گئی ہے جنکی کرپشن دنیا جانتی ہے باپ وزیراعظم اور بیٹا وزیر اعلی بن گئے ہیں اور دونوں نیب زدہ ہیں جن پر درجنوں ایف آئی آر ہیں جو ملک کے لئے شرمندگی کا باعث ہے انہوں نے عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل کر جینا محال کر دیا ہے انکا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین عمران خان آئندہ آنے والے لانگ مارچ اور جلسے کے حوالے سے جو بھی تاریخ دیں گے اُس میں حلقہ این اے 59 اور 63 کی عوام بھرپور انداز میں شرکت کرے گی۔ آخر میں وفاقی وزیر نے سید اشفاق بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پارٹی کے لئے انکی خدمات کو سراہا۔