یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں مشاعرہ کا انعقاد
سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی)یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے عبدالغنی آڈیٹوریم میں مورخہ 26 جون 2022ء بروز اتوار فیض چیئر اور فروغ ادب سوسائٹی کےزیرِ انتظام ایک شاندار ” مشاعرہ” کا انعقاد کیا گیا۔ ڈاکٹر سلیم اختر خان ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہومنیٹیز اور ڈاکٹر محمد عامر اقبال صدر فیض چیئر نے معزز شعراء کرام کاشاندار استقبال کیا ۔ محفل مشاعرہ کی صدارت سیالکوٹ کےسینئر شاعر سید زاہد بخاری نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر اطہر عظیم تھے۔ محفلِ مشاعرہ میں شریک شعراء میں شاہد ذکی، سید عدید، تنویر احمد تنویر، کرنل طاہر وحید، محمد ایوب صابر، آصف علی، ڈاکٹر اکبر علی غازی، ڈاکٹر نوید جمیل ملک، ڈاکٹر مشتاق عادل، نعمت اللہ ارشد, ڈاکٹر مرزا عظیم، ڈاکٹر اکمل پاشا ،ڈاکٹر مرزا عظیم اور اسامہ چوہدری شامل تھے۔
شعبہ اردو کے طلباء و طالبات اور فارغ التحصیل طالب علموں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ نقابت کے فرائض لیکچرار شعبہ اردو صباحت عروج نے ادا کیے. پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبولﷺ سے ہوا۔اس کے بعد ڈاکٹر محمد عامر اقبال صدر فیض چیئر نے معزز مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہا اور فیض چیئر کے قیام اور اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ ڈاکٹر عامر اقبال نے یونیورسٹی کے پلیٹ فارم سے فیض چیئر کے زیرِ انتظام آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا اور مختلف تقریبات کے جلد انعقاد کا اعلان کیا جسے حاضرین نے بہت سراہا ۔ مشاعرے کا آغاز صباحت عروج نے اپنے اردو اور سرائیکی کلام سے کیا ۔
اس کے بعد دیگر شعرا نے باری باری اپنا کلام پیش کیا اور حاضرین سے اپنے ایک ایک شعر پربھرپور داد حاصل کی۔ ڈاکٹر مشتاق عادل صدر شعبہ اردو اور ڈاکٹر اکبر علی غازی نے اپنا پنجابی کلام اپنے مخصوص انداز میں پیش کیا اور بھرپور داد سمیٹی۔ مشاعرے کے شرکاء نے مشاعرے میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور شعراء کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ مشاعرے کے بعد ڈاکٹر سلیم اختر خان ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہومنیٹیز نے مشاعرے کے انعقاد اور شاندار انتظامات پر ڈاکٹر مشتاق عادل صدر شعبہ اردو اور ڈاکٹر محمد عامر اقبال صدر فیض چیئر کو مبارکباد پیش کی ۔ تقریب کے اختتام پرمعزز مہمانوں کو پر تکلف کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد ڈاکٹر محمد یوسف اعوان، ڈاکٹر عبدالستار نیازی، ڈاکٹر قیصر آفتاب، ڈاکٹر یاسمین کوثر اور میڈم ماریہ بلال نےشکریے کے ساتھ معزز شعراء کرام کو الوداع کیا۔