جدو جہد تیز‘ امسال ورکرز کی خوشحالی کا ہوگا‘ صدری پی ایف یوجے افضل بٹ
نیشنل پریس کلب میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(پی ایف یو جے) کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں استقبالیہ‘ جڑواں شہروں کے صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی
اسلام آباد(فیصل اظفر علوی سے)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے قائدین نے کہا ہے کہ جب تک ملک کے مزدور اکٹھے ہوکر جدوجہد نہیں کرتے تب تک سیٹھ ہم کو ایک ایک کرکے مارتے رہیں گے،دنیا کی کامیاب تحاریک کو دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ جب تک تمام طبقات نے اکٹھے ہوکر جدوجہد نہیں کی کامیابی حاصل نہیں ہوئی،اب صحافیوں کے معاشی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی جائے گی اور یہ ورکرز کی خوشحالی کا سال ہوگا۔ان خیالات کا اظہار پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ،سیکرٹری جنرل ارشد انصاری،سیکرٹری فنانس لالا اسد پٹھان ودیگر قائدین نے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس(آر آئی یو جے) کی طرف سے دئیے گئے تاریخی استقبالیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں پاکستان سویٹ ہوم کے تاحیات چیئرمین زمرد علی خان،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری یاسین اور دیگر یونین کے قائدین نے پی ایف یو جے کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہم آپ کی جدوجہد میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ جب تک ملک بھر کے مزدور ایک ساتھ ملکر جدوجہد نہیں کرتے تو ہم اپنے حقوق حاصل نہیں کرسکیں گے،دنیا کی کامیاب تحاریک کو دیکھا جائے توان میں تمام طبقات نے ملکر جدوجہد کی اور کامیابی حاصل کی۔ہم صحافیوں کے حقوق کے تحریک کا جلد آغاز کریں گے اور ایک دوسرے کے حقوق کیلئے لڑیں گے اور یہ سال ورکرز کی خوشحالی کا سال ہوگا۔
سیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے کہا کہ ہم نے صحافیوں کے حقوق کی لڑائی لڑنی ہے،جیسے ہمارے بڑوں نے آزادی صحافت کا پرچم بلند رکھا اورضیاءالحق کے دور میں کوڑے کھائے،ہم نے صحافیوں کے حقوق کیلئے لانگ مارچ کی جانب جانا ہے اور اس حوالے سے جلد فیصلہ کیا جائے گا،کیونکہ وقت آگیا ہے کہ ہم نے کارکنوں کے حقوق کیلئے باہر نکلنا ہے،جس دن ہم نے لانگ مارچ کا اعلان کیا تو حکومت اور مالکان فوری مذاکرات کیلئے پہنچیں گے،لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی ہمارے تمام مطالبات تسلیم کرلئے جائیں گے۔سیکرٹری فنانس لالا اسد پٹھان نے کہا کہ اب صحافیوں کو ان کے حقوق دینا پڑیں گے،صحافیوں کے ساتھ جو ظلم و ناانصافی کرنی تھی ہوگئی،اب ہم ان کے حقوق کی جنگ لڑیں گے اور یہ جنگ تب تک جاری رہے گی جب تک صحافیوں کو حقوق نہیں مل جاتے۔
استقبالیہ تقریب سے پی ایف یو جے کے اسسٹنٹ سیکرٹری چوہدری شاہد ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے ممبران فوزیہ شاہد،علی رضا علوی اور ناصر ملک ،آر آئی یو جے کے صدر عابد عباسی،نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا،آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری طارق علی ورک،پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر ابراہیم لکی،سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر سلیم سیتھو،اے پی پی یونین کے صدر شہزاد چوہدری کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔پی ایف یو جے کے قائدین کے استقبال کیلئے صحافیوں کی کثیر تعداد مبارک دینے کیلئے نیشنل پریس کلب پہنچی،ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور خوش آمدید کہا گیا ،پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور گلدستے پیش کئے گئے۔