بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں زراعت کی بحالی کیلئے چین نے بیجوں کا عطیہ دے دیا
چین اور پاکستان کی دوستی تاریخی ہے، بائو زونگ
اسلام آباد: پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنڑی سروسز (پپس ) میں چین کی طرف سے بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد کے لیے چاول کی پیداوار بڑھانے کے لیے چینی بیج فراہم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ،تقریب میں چینی سفارتخانے کی پولیٹیکل سیکرٹری اور میڈیا شعبے کی سربراہ میڈم بائو زہونگ نے بھی شرکت کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے قریبی تعلقات ہیں مشکل کی ہر گھڑی میں چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے امریکہ اور مغرب نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ نہیں دیا 1998میں جب پاکستان نے ایٹمی دھماکے کیے اور اقتصادی پابندیاں عائد ہوئی تب بھی بعض اسلامی دوست ممالک اور چین نے ساتھ دیا پہلے امریکہ ڈو مور کا مطالبہ کرتا تھا اب آئی ایم ایف ڈو مور کا مطالبہ کرتا ہے اور اب بھی مشکل معاشی حالات میں چین پاکستان کا ساتھ دے رہا ہے ،بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے سی پیک پاکستان اور بلوچستان کےلیے بہت اہم ہے ،چاول کی پیداوار بڑھانے کے لیے چینی تعاون پر ہم شکر گزار ہیں زراعت کی ترقی سے ہی ملکی معیشت ترقی کرے گی انہوں نے کہا کہ ڈالر کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان تمام تجارت چینی کرنسی یوآن میں ہونی چاہیے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفارتخانے کی پولیٹیکل سیکرٹری اور میڈیا شعبے کی سربراہ بائو زہونگ نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی تاریخی ہے چین کے وزیر خارجہ کا حالیہ دورہ پاکستان کامیاب رہا اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ۔
سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ چین کا اہم ترین منصوبہ ہے سی پیک سے پاکستان میں بہت ترقی ہوئی ہے سی پیک منصوبے کی 10سالہ تقریبات اس سال منائی جا رہی ہیں خطے میں امن و استحکام کے لیے چینی صدر شی جنگ پنگ نے جو اہم اقدامات کیے ہیں ان کے مثبت اثرات آ رہے ہیں زرعی شعبے میں تعاون کو بڑھایا جائےگا چین جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کررہا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں چین کے تجربے سے فائدہ اٹھا کر زرعی ترقی میں اضافہ کرے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستانی چاول بہت ذائقے دار ہوتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں چاول کی پیداوار مزید بڑھے اور اسی لیے بلوچستان میں چاول پیدا کرنے والے علاقے کے لیے چینی کمپنی میں بیج تحفے میں دیئے ہیں انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ پر تیزی سے کام جاری ہے عوامی رابطوں کو مزید فروغ دیا جائے گا بلوچستان کی ترقی اور عوام کے حالات کو بہتربنانا ہماری ترجیح ہے ،بلوچستان میں سولر پینل بھی دیئے جائیں گے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے اپنے خطاب میں چین اور پاکستان کی دوستی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ چین نے ہر مرحلے میں پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستان سی پیک منصوبے کو آگے بڑھانے میں چین کا شکر گزار ہے وزیر مملکت توانائی ہاشم خان نوتزئی نے کہا کہ چین پاکستان کے بہت قریب ہے ،بلوچستان کی ترقی اور پسماندگی کےخاتمے میں چینی تعاون کو سراہتے ہیں اگر چین بلوچستان میں چلنے والے 50ہزار ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے میں چین تعاون کرے تو بلوچستان کی عوام پر چین کا بہت بڑا احسان ہو گا ،تقریب سے سینیٹر ثناجمالی نے بھی خطاب کیا اور چینی کمپنی کی طرف سےچاول کی پیداوار بڑھانے کے لیے بیج تحفے دینے پر شکریہ ادا کیا ۔