شفاف انتخابات تک پاکستان کی امداد روک دی جائے، امریکی اراکین کانگریس کا حکومت کو خط
امریکی اراکین کانگریس کی جانب سے حکومت کو لکھے خط میں کہا کہ شفاف انتخابات تک پاکستان کی امداد روک دی جائے۔
کانگریس کے11 ارکان نے امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کو لکھے گئے خط میں بائیڈن انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے لیے مستقبل میں امریکی امداد اس وقت تک روکے جب تک ملک میں آئینی نظم بحال نہیں ہو جاتا اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات نہیں ہوجاتے ہیں۔
قانون سازوں نے محکمہ خارجہ سے قانونی تعین کی درخواست کی تاکہ اس بات کا جائزہ لیا جا سکے کہ آیا امریکی امداد نے پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں سہولت فراہم کی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ہم مزید درخواست کرتے ہیں کہ مستقبل امداد اس وقت تک روک دی جائے جب تک کہ پاکستان فیصلہ کُن طور پر آئینی نظام کی بحالی کی جانب نہیں بڑھتا، جن میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد شامل ہے، جس میں تمام جماعتیں آزادانہ طور پر حصہ لینے کے قابل ہوں۔
اس اقدام کا آغاز کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر نے کیا تھا، جو امریکی کانگریس میں مسلم کاز کی چیمپئن ہیں، جبکہ دیگر دستخط کنندگان میں فرینک پیلون جونیئر، جوکین کاسترو، سمر لی، ٹیڈ ڈبلیو لیو، ڈینا ٹائٹس، لائیڈ ڈوگیٹ اور کوری بش شامل ہیں۔