اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے انتخابات، راجہ یاسر شکیل کا صدارت کیلئے پلڑا بھاری

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے انتخابات، راجہ یاسر شکیل کا صدارت کیلئے پلڑا بھاری
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے 27-2026 میںصدارت کی نشست پر 4 امیدواران میں مقابلہ متوقع ۔سابق سیکرٹری بار راجہ یاسر شکیل ایڈووکیٹ آف سپریم کورٹ کا پلڑا بھاری ، وکلا آمدہ انتخابات کے بعد مسائل کے حل کیلئے پر امید۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میںصدارت کیلئے ابتدائی طور پر 6 امیدواران چوہدری نعیم علی گوجر، حافظ ملک مظہر جاوید، راجہ یاسر شکیل، شبانہ رفیق ، میاں ایم ارشد جاوید، محمد اسماعیل بلوچ میدان میںآئے تھے تا ہم بعد ازاں صدارت کے دو امیدواران حافظ ملک مظہر جاوید اور محمد اسماعیل بلوچ ، راجہ یاسر شکیل کے حق میں دستبردار ہو گئےاور انہیں اپنی مکمل حمایت و تائید کی یقین دہانی کروائی۔
ذرائع کے مطابق ظاہری طور پر موجودہ صدر بار ایسوسی ایشن چوہدری نعیم علی گوجر اور 2019 میں بار کے سیکرٹری رہنے والے راجہ یاسر شکیل کے درمیان مقابلے کی توقع ہے تاہم وکلا کی طرف سے راجہ یاسر شکیل کو بڑی تعداد میں حمایت حاصل ہے اور انہیں صدارت کیلئے مضبوط ترین امیدوار تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ انہیں شہر اقتدار کے بڑے اور اہم چیمبرز سمیت دیگر وکلا رہنمائوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔ اسی طرح سیکرٹری جنرل کی نشست پر راجہ خاور دھنیال مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کچہری کے نئی عمارت میںمنتقل ہونے کے بعد وکلا کو کئی سنگین مسائل کا سامنا ہے جس کیلئے اب تک کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی ، اس ضمن میں تمام وکلا کی نظریں نئی منتخب ہونے والی قیادت پر مرکوز ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے انتخابات وکلاء برادری میں خاصی اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ منتخب قیادت نہ صرف وکلاء کے مسائل اجاگر کرتی ہے بلکہ عدالتی اصلاحات اور قانون کی بالادستی کے لیے بھی مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔ ایسے میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔



