ماڑی موبائل دسترخوان جڑواں شہروں میں فلاح عامہ کی پہچان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مہنگائی کے اس دور میں مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کے لیے ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کا موبائل دسترخوان سہارا بن گیا، دسترخوان سے روزانہ سینکڑوں مستحق افراد مستفید ہورہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مزدور، دیہاڑی دار اور نادار طبقے کو تازہ پکے ہوئے معیاری کھانے کی فراہمی کے لیے ماڑی پٹرولیم اور سی ڈی آر ایس کے اشتراک سے ” ماڑی موبائل دسترخوان” کامیابی سے جاری ہے جہاں سے روزانہ سینکڑوں افراد تازہ کھانا کھا کر اپنی بھوک مٹا رہے ہیں۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشنز عبیدالرحمان ظفر کے مطابق اپریل 2021 سے ستمبر 2023 تک اس پروگرام سے تقریبا چھ لاکھ افراد مستفید ہوچکے ہیں۔روزانہ دو وقت ناشتے اور ڈنر میں چھ سو افراد کو کھانا مہیا کیا جاتا ہے جن میں مزدور ،دیہاڑی اور دیگر نادار طبقات شامل ہیں۔ عبید الرحمان نے بتایا کہ مہنگائی کے باوجود اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ فراہم کیا جانا والا کھانا انتہائی معیاری ہو، ناشتے میں آلو کی بجھیا،چنے اور حلیم جب کہ رات کے کھانے میں چکن قورمہ ،چکن بریانی،چکن پلائو رائتہ اور سلاد مہیا کیا جاتا ہے نیز ڈنر کے مینیو میں سویٹ بھی شامل ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس دستر خوان پر شوبز ،کھیل ،میڈیا سمیت زندگی کے دیگر شعبہ سے وابستہ نامور شخصیات بھی آچکی ہیں اور یہ دستر خوان جڑواں شہروں میں فلاح عامہ کی منفرد مثال بن چکا ہے، جب مستحق لوگ دعائیں دیتے ہیں تو ہمارے عملے کی ساری تھکن دور ہوجاتی ہے۔دوسری جانب دسترخواں سے مستفید ہونے والے شہریوں نے بھی کھانے کے معیار اور عملے کے اخلاق کی تعریف کرتے ہوئے ماڑی پٹرولیم اور سی ڈی آر ایس کے اقدام کو سراہا ہے.