پی سی بی نے شدید تنقید کے بعد اعظم خان پر عائد جُرمانہ واپس لے لیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فیصلے کا جائزہ لینے کے بعد اعظم خان پر عائد کیا جانے والا جرمانہ واپس لے لیا۔
اعظم خان پر قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں لاہور بلیوز کے خلاف میچ کے دوران پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
اعظم نے غزہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے اپنے بیٹ پر فلسطینی پرچم چسپاں کیا تھا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی نے وضاحت کی تھی کہ اعظم خان پر غیر منظور شدہ لوگو استعمال کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ میچ ریفری کی جانب سے اعظم خان کو بیٹ پر فلسطینی پرچم کا اسٹیکر لگانے سے بھی منع کیا گیا تھا لیکن انہوں نے اسے ہٹانے سے انکار کردیا اور جواب میں کہا کہ ان کے تمام بیٹس پر ایک ہی اسٹکر لگا ہوا ہے۔
پی سی بی کے اس اقدام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے بورڈ فیصلہ واپس لینے پر مجبور ہوگیا۔
تازہ ترین پیش رفت میں پی سی بی نے اعظم خان پر عائد کیا جانے والا جرمانہ واپس لے لیا ہے۔
اعظم خان کے علاوہ محمد رضوان نے بھی آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے دوران بسری لنکا کے خلاف اسکور کی جانے والی سینچری غزہ کے عوام کے نام کی تھی۔