سابق وزیرداخلہ مرحوم سینیٹر عبدالرحمان ملک کی رسم چہلم برطانیہ میں ادا کی گئی
لندن(نمائندہ خصوصی)سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے سینئررہنما سینیٹر رحمان ملک کی رسم چہلم اور قرآن خوانی ان کی تاریخی رہائش گاہ برطانیہ پر منعقد ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحوم عبدالرحمن ملک کی روح کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی، نعت خوانی اور دعا کی گئی۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت قاری حسن، نعت شریف کی سعادت لطیف نے حاصل کی اور علامہ اورنگزیب نے دعا کی۔ چہلم کا انعقاد ڈاکٹر ظہیر اور قیصر ندیم کے زیرانتظام ہوا۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ہمشیرہ صنم بھٹو، انکے شوہر اور کزن مظفر نے قرآن خوانی اور چہلم میں خصوصی شرکت کی۔ محترمہ صنم بھٹو نے سینیٹر رحمان ملک کی وفات پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔
چہلم میں پیپلز پارٹی برطانیہ و یورپ کے سینئر رہنما اور عہدیداران جنمیں محسن باری، ریاض کوہمروی، میاں اسلم، عارف مغل، ریاض خان، حبیب جان، ابرار میر، آصف علی خان اور دیگر شریک تھے۔ پیپلز پارٹی رہنماء چوہدری نثار، ملک مہربان، راجا اعظم، ملک غلام محی الدین اور چوہدری طارق بھی شریک ہوئے۔ پیپلز پارٹی رہنماؤں اور عہدریداران نے مرحوم عبدالرحمن ملک کو ان کی ملک و قوم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے بے مثال خدمات پر خراج عقیدت پیش کی۔
سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک کا برطانیہ میں گھر کئی لحاظ سے تاریخی ہے اور شرکاء جب تک وہاں رہے سابق وزیرِداخلہ سینیٹر رحمان ملک کو یاد اور انکے وفات پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے رہے۔ شرکاء نے کہا کہ محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کی جلاوطنی کے دوران مرحوم عبدالرحمان ملک کا گھر انکے سیاسی مصروفیات کا مرکز تھا اور پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان تاریخی معاہدہ میثاق جمہوریت پر سابق وزرائے اعظم بے نظیر بھٹو شہید اور میاں محمد نواز شریف نے دستحط اسی گھر پر کیے تھے۔