ایتھوپیا کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ مشاورت معاہدے پر دستخط کی خواہش
ایتھوپیا اور پاکستان نے اس سال کے آخر تک دوطرفہ سیاسی مشاورت معاہدے پر دستخط کرنے کے حوالے سےایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللّٰہ اور سفیر حمید اصغر خان، ایڈیشنل سیکریٹری (افریقہ) وزارت خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی تاکہ دوطرفہ، علاقائی اور کثیرالجہتی سطحوں پر گہرے تعاون کو فروغ دیا جا سکے اور عالمی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔
دونوں فریقین نے اس معاہدے پر جلد از جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا جو کہ دونوں ممالک کے لئے ایک ادارہ جاتی میکانزم بنائے گا تاکہ عالمی مسائل جیسے کہ موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی، سائبر کرائمز، جعلی خبروں وغیرہ پر مشترکہ طور پر کام کیا جا سکے۔
اس موقع پر سفیر جمال بیکر نے ایڈیشنل سیکریٹری کو پاکستان کے ساتھ دوطرفہ سیاسی مشاورت معاہدے پر دستخط کرنے کی ایتھوپیا حکومت کی پرخلوص خواہش سے آگاہ کیا تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سیاست، معیشت، تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر روشنی ڈالی جو کہ حکومتوں، کاروباری برادری، تعلیمی ماہرین اور پیشہ ور افراد کے درمیان مسلسل اور تعمیری رابطے کے ذریعے ہو رہا ہے، جس میں گزشتہ دو سالوں میں وفود کے تبادلے بھی شامل ہیں۔
سفیر نے ایڈیشنل سیکریٹری کو ہوم گراؤن اکنامک ریفارم پروگرام کے بارے میں بھی بریفنگ دی جس کے تحت ایتھوپیا نے اپنی جی ڈی پی کا حجم دوگنا کر لیا ہے، جو کہ مشرقی افریقہ کی سب سے بڑی معیشت اور سب صحارا افریقہ کی تیسری بڑی معیشت بن گئی ہے، جس کی قیادت اور رہنمائی ڈاکٹر ابی احمد علی، وزیر اعظم ایتھوپیا کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایتھوپیا کی حکومت نے اب HGERP 2.0 کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد ایک مستحکم میکرو اکنامک ماحول بنانا، سرمایہ کاری اور تجارت کے ماحول کو تبدیل کرنا، پیداواری ترقی کو بڑھانا اور عوامی شعبے کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔
سفیر نے ایڈیشنل سیکریٹری کو علاقائی انضمام کے لئے ایتھوپیا کی پہل کاریوں جیسے کہ گرینڈ ایتھوپین رینیسانس ڈیم، گرین لیگیسی انیشی ایٹو، ڈائن فار جنریشن وغیرہ کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی سوڈان نے نیل بیسن کوآپریٹو فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو کہ نیل کے پانی کے منصفانہ اور معقول استعمال کو یقینی بنائے گا اور اس خطے کو مزید یکجا کرے گا۔
جمال بیکر کا کہنا تھا کہ ایتھوپیا نے خطے میں امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے صف اول کا کردار ادا کیا ہے اور خطے میں تنازعات کے خاتمے کے لئے متحارب فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کی ہے۔
دوسری جانب، ایڈیشنل سیکریٹری نے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لئے دوطرفہ، علاقائی اور کثیرالجہتی تعاون کو بڑھانے کے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے سفیر کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان نے دوطرفہ سیاسی مشاورت معاہدے کی توثیق کر دی ہے جو کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے انتہائی اہم ہے۔