خارجی دہشتگردوں کا پاکستان میں ڈاکا زنی اور بھتہ خوری میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف
سید جنید حیدر : فتنہ الخوارج کی ڈیرہ اسماعیل خان میں بینک لوٹنے سمیت ڈاکا زنی اور بھتہ خوری کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے حالیہ مارے جانے والے دہشتگردوں سے دستاویزی ثبوت بر آمد ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگرد پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے کے ساتھ ساتھ ڈاکا زنی اور بھتہ خوری کی سنگین وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں خارجی دہشتگردوں نے بینک لوٹنا شروع کر دیئے ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں بینک کی رقم لے جانے والی گاڑیوں پر خوارج نے 9 جولائی، 30 جولائی کو بینک کی گاڑی سے 5 کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ لی۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے رقم لے جانے والی گاڑیوں کو بھی جلا دیا تھا، لوٹی رقم سے خارجی نور ولی کے حکم پر 4 لاکھ روپے خارجی سیلاب کو دیئے گئے ، خارجی عباس کے 13 دہشتگردوں میں 17 لاکھ سے زائد کی رقم تقسیم کی گئی۔
دستاویزی ثبوت کے مطابق لوٹی ہوئی رقم حوالہ ہنڈی کے ذریعے پاکستان سے افغانستان کے علاقوں الامان اور خوست میں چھپے خارجی دہشتگردوں کو بھیجی جاتی ہے۔