فیصل بینک اپنی برانچز میں اسٹیٹ لائف ونڈو تکافل آپریشنز پیش کرے گا: معاہدے پر دستخط کر دئیے گئے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان (ایس ایل آئی سی پی) نے ونڈو تکافل آپریشنز کے لیے شراکت داری کرلی ہے۔ معاہدے کی تقریب اسٹیٹ بینک ہیڈآفس میں منعقد ہوئی، جس میں ایف بی ایل کے صدر اور سی ای او یوسف حسین اور ایس ایل آئی سی پی کے سی ای او شعیب جاوید حسین نے شرکت کی۔ ایف بی ایل میں ریٹیل بینکنگ سربراہ جودت حسین اور ایس ایل آئی سی پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد ازقار خان بھی تقریب میں موجود تھے۔ فیصل بینک کے انسٹیٹیوشنل سیلز اینڈ ویلتھ مینجمنٹ کے سربراہ احمد انور ہیمانی اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے چیف تکافل آفیسر طارق سعید چوہدری نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔
اس شراکت داری کے بعد فیصل بینک کے تمام صارفین ملک بھر میں ایف بی ایل کی برانچوں سے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی تکافل مصنوعات، خاص طور پر اسٹیٹ لائف طیب تکافل انڈومنٹ پلان حاصل کرسکیں گے۔
ایف بی ایل کے سی ای او یوسف حسین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ساتھ تکافل انڈومنٹ پلان کے لیے شراکت داری درحقیقت ہمارے اقدامات کی طویل فہرست میں ایک اہم اضافہ ہے۔ یہ معاہدہ ہمارے قابل قدر صارفین کے مفاد میں ہے، جو تیزی سے ترقی کرتے ہوئے فیصل بینک کا لازمی حصہ ہیں۔ یہ معاہدہ ہماری کاروباری برادری کو اُن مصنوعات، خدمات اور مواقع کے بارے آگاہی فراہم کرے گا جو ہم اُن کے لیے تیار کرتے رہتے ہیں۔
ایس ایل آئی سی پی کے سی ای او شعیب جاوید حسین نے کہا کہ پاکستان کے دو ممتاز اداروں کے درمیان شراکت داری باعث مسرت ہے۔ یہ مشترکہ کوشش پاکستانی معاشرے کے مختلف طبقات میں جامع مالی تحفظ کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا عکاس اور اقتصادی سرگرمیوں و بچت کلچر کو فروغ دینے کے مشترکہ وژن سے ہم آہنگ ہے۔ اس اشتراک سے فیصل بینک کے قابل قدر صارفین بہترین سیونگ اور پروٹیکشن پروڈکٹس حاصل کرسکیں گے۔ یہ معاہدے پاکستانی عوام کو شریعت کے مطابق تکافل سلوشنز پیش کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔