قتل کے مبینہ ملزم کو بذریعہ انٹر پول دبئی سے پاکستان پہنچا دیا
مخالفین پولیس حراست میں چوہدری عدنان کو قتل کرنا چاہتے ہیں، سیکورٹی فراہم کی جائے، اہل خانہ
اسلام آباد(کرائم رپورٹر) قتل کے مبینہ ملزم چوہدری عدنان کو بذریعہ انٹرپول دبئی سے پاکستان پہنچا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مبینہ طور پر قتل کے جھوٹے مقدمے میں نامزد ملزم چوہدری عدنان کو انٹرپول کے ذریعے نجی ایئر لائن سے یکم مئی کی صبح 6 بجےاسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچا دیا گیا۔ اس حوالے سے چوہدری عدنان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ملزم چوہدری عدنان کو مخالفین نے پولیس حراست میں قتل کا منصوبہ بنا رکھا ہے، ہمیں چوہدری عدنان کی سیکورٹی کے حوالے سے خدشات ہیں، اعلیٰ حکام چوہدری عدنان کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں۔
چوہدری عدنان کو قتل کیس میں 17 فروری 2021کو بذریعہ انٹرپول دبئی میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انٹرپول کے ذریعے پاکستان پہنچنے والے مبینہ ملزم کو انٹرپول حکام نے مزید کارروائی کیلئے ایف آئی کے حوالے کیا ہے۔ واضح رہے کہ ملزم پر مبینہ طور پر دو افراد کو قتل کرنے کا الزام ہے۔