سینئر صحافی جنید انصاری پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، چیئرمین گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل راجہ سکندر خان
آزاد کشمیر کا شہر میرپور تقریباً جرائم سے پاک شہر ہے
میر پور(نمائندہ خصوصی)چیئرمین گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل راجہ سکندر خان نے سینئر صحافی اور بیورو چیف جموں و کشمیر نیوز میرپور جنید انصاری پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔ راجہ سکندر خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس قاتلانہ حملے کی کوشش میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں کیونکہ سینئر صحافی یا کسی بھی شخص کے ساتھ اس قسم کا پرتشدد رویہ سراسر دہشت گردی ہے لہٰذا قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس نے سینئر صحافی جنید انصاری کو شدید نقصان پہنچایا اور حملہ کیااسے کیفر کردار تک پہنچانا چاہئے۔آزاد کشمیر کا شہر میرپور تقریباً جرائم سے پاک شہر ہے اور میرپور شہر کے لوگ پرامن قانون کی پاسداری کرنے والے شہری ہیں اور سینئر صحافی پر ہونے والا حملہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک معمہ اور امتحان بن چکا ہے اور اسے جلد از جلد حل کیا جانا چاہیے۔ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی میرپور کے معصوم لوگوں پر اس قسم کی دہشت گردی اور تشدد کی جرات نہ کرے۔