محکمہ ہائی وے افسران کی ملی بھگت‘کہوٹہ مذبحہ خانہ تا مٹور چوک سڑک تین سال میں مکمل نہ ہوسکی
ہائی وے افسران اپنا حصہ وصول کرکے خاموش‘ تحریک کہوٹین یوتھ‘ تاجر برادری افسران کیخلاف پھٹ پڑے
کہوٹہ (وہاب رضاسے) کہوٹہ مذبحہ خانہ تا مٹور چوک سڑک عوام کیلئے وبال جان بن گئی۔ بارہا توجہ دلانے کے باوجود تاحال سڑک کی تعمیر نہ ہو سکی۔ کچرا اور میٹریل سڑک پر پڑے رہنے کی وجہ سے گردو غبار طرح طرح کی بیماریاں پھیلنے لگیں۔ محکمہ ہائی وے کے افسران کی مبینہ نااہلی اور ملی بھگت کے باعث ٹھیکیدار کام ادھورا چھوڑ کر غائب ہو گیا۔ تاجر برادری اور تحریک کہوٹین یوتھ، محکمہ ہائی وے اور دیگر حکام کی نااہلی پر پھٹ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ مذبحہ خانہ تا مٹور چوک سڑک کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے‘ تین سال سے جاری منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔ پٹرول پمپ کے قریب ٹھیکیدار نے گہرا گھڑا بنا کر چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کا گزرنا محال ہو گیا ہے۔ میٹریل اور کچرا نہ اٹھانے سے تاجر برادری بھی شدید پریشان ہے۔
سبزی، فروٹ اور دیگر دکانوں میں دھول مٹی آنے سے تمام اشیاء گردو غبار سے بھر جاتی ہیں۔ تحریک کہوٹین یوتھ کے امیر راجہ ناصر، نائب امیر سعد ستی، جہانزیب راجپوت، فرحان فارس، ارشد محمود فیصل ندیم ستی و دیگر نے کہا کہ تین سال میں مرمتی منصوبہ مکمل نہ کرنے والے حلقہ کو یونیورسٹی، اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کیسے دینگے؟ انہوں نے کہا کہ انتخابات ہونے والے ہیں عوام انکا کڑا احتساب کریگی۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ہائی وے کے افسران اپنا کمیشن لے کر اعلیٰ حکام کو سب اچھا کی رپورٹ پیش کر دیتے ہیں۔ انہوں نے اے سی آفس کہوٹہ عملہ کے مبینہ ناروا سلوک پر احتجاج کرتے ہوئے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔مذکورہ ہائی وے افسران کی مبینہ ملی بھگت کے حوالے سے مزید انکشافات متوقع ہیں جنہیں آئندہ شماروں میں پڑھا جا سکتا ہے۔