پی پی 7کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کےلیےضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لونگا، راجہ نزاکت حسین
راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)ضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لونگا، پی پی 7کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے مزید الجھا دیا گیا، عوام مفاد پرست سیاستدانوں کے چہرے پہچان لے عوام جن سیاستدانوں کو آزما چکی انکو سیاست سے چھٹی کرا دے گئی، انتخابی نشانی لینے کا مطلب الیکشن میں حصہ لونگا ،سوشل میڈیا پر ایک پارٹی کے امیدوار کے حق میں دستبرداری کا پروپیگنڈابے بنیاد ہے۔ ان خیالات کا اظہار آزاد امیدوار برائے پی پی 7انجینئر راجہ نزاکت حسین نے انتخابی نشان الاٹ ہونے کے بعد کہوٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کلر سیداں کے عوام ضمنی الیکشن میں مفاداتی اور امپورٹیڈ امیدواروں کو بری طرح مسترد کردیں۔ کلر سیداں اورحلقہ کے غیور عوام کو مفاداتی سیاست دانوں کے خلاف جنگ لڑنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مفاداتی سیاستدان کسی کا نہیں ہوتا اسے جہاں مفاد نظر آئے وہ اپنے آپ اور عوامی مینڈیٹ کو بیچنے کے لیے تیار ہوتا ہے، اب ہم ایک باشعور قوم بن چکے ہیں، یہ ہمارا کام ہے کہ ہم ان آزمائے ہوئے لوکوں کو مسترد کردیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف دعوے نہیں بلکہ کام کرونگا اوراگر حلقہ کے عوام نے اعتماد کیا تو کوشش کرونگا کہ مسائل کی چکی میں پستے متوسط طبقے کے نوجوان کو ہنر مند بنائوں تاکہ وہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ معاشرے کے لیے بھی مفید شہری بنیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا منشور عوامی خدمت سمیت امپورٹیڈ امیدواروں سے کلر سیداں اور کہوٹہ کے عوام کو نجات دلانا ہے اور اس مشن کو ہر صورت جاری رکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ہمیں محنت کرنے کا حکم دیتا ہے کامیابی یا ناکامی اس کے پاس ہے میں نے کمر کس لی ہے انشاءاللہ کامیابی مقدر بنے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایک پارٹی کے امیدوار کے حق میں دستبردار ی کا جو ڈھول پیٹا جارہا ہے وہ سراسر بے بنیاد ہے میں الیکشن میں ہر صورت حصہ لوں گا اور میرا انتخابی نشان سوزوکی پک اپ ہے۔