الحمراءآرٹس کونسل میں یوم پاکستان پر قومی نغموں کے مقابلے کے لئے آڈیشن کا آغاز ہوگیا
پروگرام الحمراءآرٹس کونسل اور وائس آف پنجاب کی مشترکہ پیش کش ہے جس میں آج کامیاب ہونے والے آرٹسٹ سیمی فائنل میں پرفارم کریں گے
لاہور(نمائندہ خصوصی)الحمراءآرٹس کونسل میں یوم پاکستان پر قومی نغموں کے مقابلے کے لئے آڈیشن کا آغاز ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق الحمرا میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقد ہونے والے مقابلوں کیلئے آڈیشن کا آغاز ہو گیا ہے۔ ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ذوالفقارعلی زلفی نے اس سلسلے میں ملک بھر سے آنے والے نوجوان آرٹسٹوں کو خوش آمدید کہاہے ۔ان کا کہنا تھا کہ مقابلے میں شریک ہونے والے امیدوار اعتماد سے پرفارم کریں، یہی پلیٹ فارم آپ کے ہنر کی قومی سطح پر پہچان بنے گا اور آپ کے سنہری مستقبل کا ضامن ہوگا۔
واضح رہے کہ مذکورہ پروگرام الحمراءآرٹس کونسل اور وائس آف پنجاب کی مشترکہ پیش کش ہے جس میںآج کامیاب ہونے والے آرٹسٹ سیمی فائنل میں پرفارم کریں گے۔سیمی فائنل کے لئے 20آرٹسٹوں کا انتخاب کیا جائے گا۔کوارٹر فائنل پروگرام میں نامور گلوکار عبد الرئوف اور معروف گٹارسٹ سجاد طافو نے ججز کے فرائض سرانجام دیئے۔الحمرا ترجمان کے مطابق مقابلے جیتنے والے کو 1لاکھ،دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 50ہزار جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 30ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔نیشنل سانگ کمپیٹیشن کے تمام شرکاء کو الحمراء سرٹیفیکیٹ دے گا۔