تحریک آزادئ کشمیر تکمیل پاکستان کا ایجنڈا ہےجس کا کیس عالمی سطح پر لڑ رہے ہیں، راجہ نجابت حسین
سید علی گیلانی نے اپنی ساری زندگی کشمیری قوم کی آزادی اور تکمیل پاکستان کے خواب کو ممکن بنانے میں صرف کر دی، چیئرمین جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) تحریک آزادئ کشمیر تکمیل پاکستان کا ایجنڈا ہے، اس ایجنڈے پر عمل درآمد کیلئے بیرون ملک بسنے والے تمام کشمیری و پاکستانی ریاستی عوام کا کیس عالمی فورمز پر لڑ رہے ہیں اور پاکستان میں بسنے والے کشمیریوں اور پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاست جموں کشمیر کو آزادی دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ بیرون ملک بسنے والے کشمیری پاکستان کے استحکام، جموں کشمیر کی آزادی اور اس کے حقوق کیلئے سفارتی محاذ پر اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارۂ پاکستان) نے عبدالقادر چیئرمین یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم کشمیری حریت راہنما سید علی گیلانی مرحوم کا مشن کشمیریوں کی آزادی اور تکمیل پاکستان کا مشن تھا اور اس مشن کی تکمیل کیلئے ان کی لازوال قربانیوں کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔ عظیم حریت راہنما سید علی گیلانی مرحوم کا ادا کیا جملہ “ھم پاکستانی ہیں اور پاکستان ھمارا ہے” آج پوری کشمیری قوم کے دل کی آواز اور ان کا سیاسی نصب العین بن چکا ہے۔ پوری کشمیر قوم ان کی دوسری برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ سید علی شاہ گیلانی مرحوم کا جسد خاکی ان کے ورثاء کے حوالے کیا جا تا تاکہ شہدا کے قبرستان میں ان کی تدفین کی جا سکے۔ اورسیز راہنما راجہ نجابت حسین (ستارۂ پاکستان) نے سید علی گیلانی کے منتخب کی ہوئی راۂ آزادی پر چلنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ھم صرف ان کے بتائے ہوئے مشن کی روشنی میں ہی آزادی حاصل کر پائیں گے۔
انہوں نے اپنی ساری زندگی کشمیری قوم کی آزادی اور تکمیل پاکستان کے خواب کو ممکن بنانے میں صرف کر دی۔ انہوں نے بھارتی جیلوں کی صعوبتیں برداشت کیں اور ثابت قدم رہے۔ پوری کشمیری قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو سید علی گیلانی مرحوم کی برسی کے حوالے سے یقین دلاتی ہے کہ کشمیر کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ کیس کو موثر بنانے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے اور عالمی سیاسی راہنماؤں کو کشمیریوں کا ہمنوا بنانے میں اورسیز کشمیری بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔یاد رہے کہ تحریک کشمیر کو دنیا میں اجاگر کرنے اور تحریک پر مسلسل جدوجہد جاری رکھنے کی خدمات کو مدِنظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے راجہ نجابت حسین کو ستارہ پاکستان سے نوازا ہے۔ اس تقریب میں ڈاکٹر اویس بن وصی، ڈاکٹر افضل بابر، ڈاکٹر عنایت کلیم، عبدالخالق بٹر، کنول حیات، منظور شاہ اور دیگر احباب نے شرکت کی۔ عبدالقادر،چیئرمین ایسوسی ایشن آف پاکستان نے راجہ صاحب کی کوششوں کا سرھاتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسے لیڈران کی ضرورت ہے جو نوجوان نسل تحریک کشمیر کے حوالے سے رہنمائی کریں تاکہ تحریک کے باری میں صحیع معنی میں سمجنے کی صلاحیت پیدا ہو۔ ڈاکٹر اویس بن وصی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح راجہ نجابت حسین تحریک پر کام کر رہے ہیں اس طرح ہمارے تارکین وطن بھی اپنے حصے کی شمع جلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ تارکین وطن کو چاہے کہ اپنا علمی مواد تیار کریں اور دنیا کو بتائیں یوں دنیا اس مواد کی بنیاد پر بھارت کی طرف سے جاری مظالم کو سنے گی۔ تحریک کشمیر پر ایک آواز ہو کر بین الاقوامی برادری میں اپنا کیس مضبوطی سے پیش کریں گے۔ ڈاکٹر عنایت کلیم نے کہا کہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو سوشل میڈیا کے ذریعے بین الاقوامی برادری میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر افضل بابر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کشمیر کو سکولوں اور کالجز میں پڑھایا جائے تاکہ نوجوان نسل کو تحریک اور قربانیوں کے بارے میں علم ہو۔منظور شاہ نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں رہ سکتا۔ آخر میں راجہ نجابت حسین نے عبدالقادر،چیئرمین یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے دلوں میں بستا ہے، کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان ادھورا ہے اور کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان تک ہم جدوجہد جاری رکھیں گے۔