صحافی تحریک آزادی کشمیر کو ترجیح اول بنائیں، خدیجہ زرین
مظفرآباد( نمائندہ خصوصی)چیئرپرسن کے زیڈ کے فاؤنڈیشن ممتاز سماجی کارکن اور ماہر تعلیم محترمہ خدیجہ زرین خان نے کہا ہے کہ صحافی تحریک آزادی کشمیر کو ترجیح اول بنائیں،تاریخ شاہد ہے کہ جب بھی اہل دانش نے کسی اہم مسئلے کو اجاگر کیا وہ مسئلہ جلد حل ہوا،میرا مشن ہے کہ ریاست میں تعلیم عام ہو،امیر غریب کافرق ختم ہو،دو لاکھ سٹریٹ چائلڈ اور چائلڈ لیبر کو سکول میں داخل کرواؤں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے یہاں دارالحکومت کے بڑے مقامی ہوٹل میں کشمیری ریاستی اخبارات کے مدیران اعلیٰ،مدیران،سینئر اینکرز،قومی وبین الاقوامی میڈیا گروپ کے بیوروچیفس کے اعزاز میں اپنی جانب سے دیئے گئے عشائیہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
عشائیہ میں سابق صدر سینٹرل پریس کلب سید آفاق حسین شاہ،اے کے این ایس کے سیکرٹری جنرل ظہیر احمد جگوال،قائم مقام صدر سینٹرل پریس کلب سید غلام رضا کاظمی،محمد اسلم میر،ٹی وی جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر آصف رضا میر،سینٹرل پریس کلب کے سیکرٹری جنرل بشارت مغل،نائب صدر راجہ اعجاز،بانی وائس چیئرمین آزادجموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن سردار ذوالفقار علی،ذوالفقار بٹ،راجہ افتخار حسین،شہزاد لولابی،فاروق مغل،نصیر انور،راجہ امجد حسین،حاجی لطیف اعوان،عبدالواجد خان،نسیم مغل،راجہ شاہد قیوم سمیت دیگر سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔محترمہ خدیجہ زرین نے کہا کہ انسان کی تخلیق عبادت کے لیے کی گئی جب تک انسان زندہ ہیں تو ایک دوسرے کا وسیلہ ہیں،دنیا سے جانے کے بعد سب محتاج ہوجاتے ہیں،مرنے کے بعد عہدے ختم ہوجاتے ہیں مگر کردار زندہ رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے دادا،میرے والد،میرے کزن نے اس دھرتی کے لیے قربانیاں پیش کیں اور قومی اعزازات پائے۔میرا پورا خاندان فوج سے وابستہ اور بڑے عہدوں پر رہے مگر ہم نے کوئی جائیداد نہیں بنائی،وجہ یہ ہے کہ دنیا عارضی ہے یہاں سماجی کام کرکے اللہ اور اللہ کی مخلوق کو راضی کیا جاسکتاہے۔محترمہ نے کہا کہ نوجوان منشیات کی لت میں پڑے ہیں،انہیں اس سے نکالنا اور راہ راست پر لگانا میرا مشن ہے،تحریک آزادی کشمیر ہمارا اولین فرض ہے،بھانت بھانت کی بولیاں بولنے کے بجائے ہمیں تحریک آزادی کشمیر کے لیے کام کرنا چاہیے۔پہلے بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے آزاد کرانا ہے اس کے بعد حق خود ارادیت کا مرحلہ آئے گا کہ ہم بھارت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں،پاکستان کے ساتھ قسمت کا فیصلہ کرنا چاہتے ہیں یا پھر آزاد اور خود مختار۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں کی محافظ ہے جن کی وجہ سے ہم آج پرسکون نیند سورہے ہیں،لہذا ہمیں کسی بھی دشمن کے پراپیگنڈے میں نہیں آنا چاہیے۔