آج کے فیصلے میں پوری قوم اور عمران خان کی جیت ہوگی، سینیٹر فیصل جاوید
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ آج کے فیصلے میں پوری قوم اور عمران خان کی جیت ہوگی، پوری قوم کو کال دینے کے لیے عمران خان تیار ہیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ الیکشن سے صرف عمران خان کی وجہ سے بھاگ رہے ہیں، توہین عدالت کی ہیٹ ٹرک ہو چکی ہے، عید کی پوری چھٹیاں گزر گئی ہیں، ایک دن اور گزر گیا، کسی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا، کل کا اجلاس غیرآئینی اور غیرقانونی تھا۔ پارلیمنٹ کے گیٹ پر اراکین کو روکا گیا، عمران خان نے عدلیہ تحریک کو منطقی انجام تک پہنچایا تھا۔
میڈیا کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ واحد حل پورے ملک میں الیکشن ہے، تمام اسمبلیاں تحلیل کریں، یہ مذاکرات نہیں کرتے عدالت پر حملہ آور ہوتے ہیں، آج فیصلہ کن گھڑی آن پہنچی ہے، فیصلہ ہو گا۔ فیصلہ ہو گا کہ آئین کی پاسداری ہو گی یا پامالی، یہ حکومت پارلیمنٹ جا کر عدلیہ کی توہین کرتی ہے۔