بھارت کا جنگی جنون مسلسل بڑھتا جا رہا ہے جو کہ خطہ کے لیے انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کر رہا ہے، مشعال حسین ملک

‎اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)کشمیرتحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان) نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک سے ملاقات کی۔ راجہ نجابت حسین نے مشعال حسین ملک کو وزیراعظم پاکستان کا معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔ راجہ نجابت حسین نے ملاقات کے دوران انہوں نے مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کی بڑھتی ہوئی بربریت پر تبادلہ خیال کیا۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون مسلسل بڑھتا جا رہا ہے جو کہ خطہ کے لیے انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کر رہا ہے،عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔  میاں چنوں میں بھارت کی جانب سے میزائل کا واقعہ اس کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت خطہ کے لیے خطرناک ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ سے زائد بھارتی فوج کشمیری عوام پر ظلم و ستم کر رہی ہے اور عالمی برادری کی خاموشی سے بھارت اسے مزید طول دے رہا ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے جو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرناک ہے۔ مشعال ملک مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر پر تین جنگیں پہلے لڑی گئی ہیں اگرچہ اس وقت حالات مختلف تھے اب دونوں ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہیں جو کہ تشویشناک صورتحال کی غمازی کرتا ہے۔انہوں نے کہاا انٹرنیشنل کمیونٹی کو تیسری دنیا کی دو ایٹمی طاقتوں کو ان کے حال پر نہیں چھوڑنا چاہیے بلکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے موثر انداز میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔  مشعال ملک نے  جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت  انٹرنشنل کشمیر مہم کو بین الاقوامی سطح پر تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بھارتی جیلوں میں قید جے کے ایل ایف کے رہنما محمد یاسین ملک اور دیگر کشمیری قیدیوں کی جلد از جلد رہائی کو یقینی بنایا جا سکے۔


انہوں نے کہا کہ فاشسٹ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں اختلافی آوازوں کو خاموش کرنے کے لیے بربریت اور دہشت گردی کی تمام حدیں پار کر دیں۔ تاہم قابض حکام تحریک آزادی کے شعلوں کو بجھانے میں بری طرح ناکام رہے۔ مشعال  ملک نے کہا کہ بھارتی فورسز نے ان کے شوہر سمیت سینئر حریت رہنماؤں کو بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف آواز اٹھانے کے جرم میں غیر قانونی حراست میں رکھا۔مشعال ملک نے واضح کیا کہ قابض افواج گزشتہ ستر سالوں سے فاشسٹ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں لیکن ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا بلکہ یہ جابرانہ اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہوئے۔مشعال ملک نے زور دیا کہ عالمی طاقتیں اور اقوام متحدہ کے ادارے بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے متفقہ فارمولے اور وادی کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کو یقینی بنائے۔
کشمیری گزشتہ 76 سال سے آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور بھارت ظلم وجبر کرنے کے باوجود تحریکِ ازادی کو دبانے میں ناکام رہا۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور بھارت سے مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ مقررین نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں نے اپنا کردار ادا نہیں کیا تو بھارتی فوج کو رسوا ہوکر خطے سے نکلنا پڑے گا۔مقررین نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے تاکہ پورے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔ چیئرمین جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے اوورسیز کشمیری اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تمام اوورسیز کشمیری دنیا بھر میں اس اہم مسئلے کو اجاگر کرنے کے لئے صف آرا ہیں اور یہاں ہر بھی متحرک رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ آج مسئلہ کشمیر کی وجہ سے دنیا کی نصف آبادی بارود کے ڈھیر پر بیٹھی ہے یہ چنگاری کبھی بھی شعلہ بن کر آدھی دنیا کو بھسم کر دے گی لہذا عالمی برادری اس مسئلے کو حل کر ے جو 76 سال سے اقوام متحدہ کے لئے سوالیہ نشان ہے ہندوستانی مقبوضہ کشمیر میں آزادی  پسندوں کی بینائی چھینی  جارہی ہے عورتوں کے بال کاٹے جارہے ہیں یہ ایسے انسانی مظالم ہیں کہ جبر کی دنیا میں ان کی کوئی مثال نہیں ملتی کہ آزادی کی بات کرنے والوں کو اس طرح ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو کشمیریوں کو آزادی دینا ہوگی نہیں تو بھارت کی شکست اٹل ہے۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ 26 تک تحریک حق خودارادیت کے تحت برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میرپور،مظفرآباد اور اسلام آباد میں اس سلسلے میں مفید پروگرام ہوے ہیں  انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اس سلسلے میں متحرک کرنے کی ضرورت ہے،نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں سوشل میڈیا پر زیادہ سے زیادہ متحرک ہوں تاکہ کشمیری بھائیوں کو سپورٹ ملے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ تحریک حق خود ارادیت برطانیہ، یورپ، پاکستان اور آزاد کشمیر میں کانفرنسز، سیمینارز کے انعقاد کے ذریعے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا پردہ چاک کرنے کے ساتھ یاسین ملک اور دیگر حریت قائدین کی رہائی کے لئے بھی اپنی کوششیں تیز کر رہی ہے۔ ملاقات میں یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین عبدالقادر،سبین حسین ملک اور کنول حیات بھی موجود تھے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button